Homeخبریںشیراز کی عادل آباد جیل میں پانچ قیدیوں کو پھانسی، تین بلوچ...

شیراز کی عادل آباد جیل میں پانچ قیدیوں کو پھانسی، تین بلوچ قیدی بھی شامل

شیراز(ھمگام نیوز) اطلاع کے مطابق شیراز کی عادل آباد جیل میں گزشتہ روز علی الصبح پانچ قیدیوں کو پھانسی دے دی گئی، جن میں تین بلوچ قیدی بھی شامل تھے۔ ان تمام قیدیوں کو منشیات سے متعلق مقدمات میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ان قیدیوں کو ایک روز قبل جیل کے عمومی وارڈز سے قرنطینہ منتقل کیا گیا تھا تاکہ ان کی سزائے موت پر عمل درآمد کیا جا سکے، اور 31 مئی 2026 کی صبح ان کی پھانسی کی سزا نافذ کر دی گئی۔

پھانسی پانے والے بلوچ قیدیوں میں سے ایک کی شناخت محمد عثمان دانہ برچین (ناروئی) ولد نوروز کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ 35 سال کے تھے، ایرانشہر کے رہائشی، شادی شدہ اور تین بچوں کے والد تھے۔

ذرائع کے مطابق محمد عثمان کو تقریباً پانچ سال قبل شیراز میں منشیات سے متعلق الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور بعد ازاں اسی شہر کی عدالت نے انہیں سزائے موت سنائی تھی۔

 ذرائع نے مزید بتایا کہ محمد عثمان کے ساتھ تین دیگر قیدیوں، جن میں دو بلوچ قیدی زاہدان اور دلگان سے تعلق رکھتے تھے، کو بھی پھانسی کے لیے قرنطینہ منتقل کیا گیا تھا۔ جیل حکام نے محمد عثمان کے اہلِ خانہ کو آخری ملاقات کے لیے بھی طلب کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق خبر کی اشاعت تک دیگر چار پھانسی پانے والے قیدیوں کی شناخت اور ان کے مقدمات کی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

انسانی حقوق کے کارکنان ایران میں منشیات سے متعلق جرائم کے مقدمات میں سزائے موت کے وسیع استعمال پر مسلسل تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز