کابل (ھمگام انٹرنیشنل) افغانستان میں نئی حکومت طالبان سربراہ ہیبت اللہ اخوندزادہ نے افغان حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے اُن تمام رشتہ داروں کو برطرف کریں جنھیں انھوں نے سرکاری عہدوں پر رکھا ہوا ہے۔

ہیبت اللہ اخوندزادہ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اہلکار اپنے بیٹوں یا خاندان کے دیگر افراد کی جگہ دوسرے افراد کی تقرری کریں اور مستقبل میں رشتہ داروں کو ملازمت دینے سے گریز کریں۔

طالبان نے 2021 میں اقتدار سنبھالتے ہی کچھ سینیئر عملے کو برطرف کر دیا تھا، جبکہ دیگر فرار ہو گئے تھے۔

ایسے الزامات سامنے آئے ہیں کہ ناتجربہ کار عملے کو ان ذاتی تعلقات کی بنیاد پر رکھا گیا ہے۔

پشاور، پاکستان میں واقع افغان اسلامک پریس نے رپورٹ کیا کہ یہ حکم نامہ ان الزامات کے بعد جاری کیا گیا ہے کہ طالبان کے کئی سینئر عہدیداروں نے اپنے بیٹوں کو حکومت کے اندر کام کرنے کے لیے مقرر کیا تھا۔

حکم نامے کی ایک تصویر سنیچر کے روز آفس آف ایڈمنسٹریٹو افیئرز کے ٹوئٹر پیج پر پوسٹ کی گئی۔