کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بارکھان واقعے میں بازیاب کروائی گئی خاتون گراں ناز کے شوہر خان محمد مری نے الزام لگایا ہے کہ سردار عبدالرحمان کھیتران جھوٹے کیس میں اپنے بیٹے انعام شاہ کے خلاف گواہی دلواناچاہتا تھا۔ بارکھان واقعہ کے خلاف مری قبیلے کی جانب سے میتیں رکھ کر تیسرے دن بھی کوئٹہ میں دھرنا جاری ہے، دھرنے کے دوران گراں ناز کے شوہر خان محمد مری نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میں سردارعبدالرحمان کھیتران کا ملازم تھا اور اس واقعے کے پیچھے سردار عبدالرحمان کھیتران ہے۔ خان محمد مری نے کہا کہ میرے بچے سردار عبدالرحمان کھیتران کی نجی جیل میں تھے، عبدالرحمان کھیتران مجھ سے جھوٹے کیس میں اپنے بیٹے انعام شاہ کے خلاف گواہی دلواناچاہتا تھا۔ خان محمد مری کا کہنا تھا کہ عبدالرحمان کھیتران کی 3 نجی جیلیں ہیں، ان میں بچے،خواتین اور بزرگ قید ہیں، میں اس کی نجی جیل سے فرار ہوا تھا، میرے بیٹوں کو عبدالرحمان کھیتران نے مارا ہے، ایک لاش میرے بیٹے محمد نواز اور دوسری عبدالقادرکی ہے۔ خان محمد مری نے یہ بھی کہا کہ اطلاع ہے کہ لیویز نے میری فیملی کو برآمد کرایا ہے، لڑکی کی لاش کاچہرہ قابل شناخت نہیں تھا، وہ بھی کسی کی بہن بیٹی تو تھی۔