فیس بک نے پاکستانی فوج کی حمایت یافتہ سینکڑوں اکاونٹس، پیجز و گروپس غیر فعال کردیے
نیویارک (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق فیس بک نے پاکستان سے چلائے جانے والے متعدد ایسے جعلی اکاؤنٹس اور پیجز پر مشتمل نیٹ ورکس کو غیر فعال کر دیا ہے جن سے منظم مہم کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا تھا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ داخلی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ بعض نیٹ ورکس خطے میں مشتبہ مربوط سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان سے چلائے جانے والے 453 فیس بک اکاؤنٹس، 103 پیجز اور 78 گروپس کو بند، جب کہ 107 انسٹاگرام اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔
فیس بک کے مطابق ان اکاؤنٹس، پیجز اور گروپس کی اکثریت ‘منظم انداز میں ایک دوسرے سے رابطہ کر کے ایسا مواد پوسٹ کر رہے تھے جن کا تعلق پاکستان یا بھارت کی مخصوص نوعیت کی حمایت سے تھا۔
فیس بک نے مزید کہا ہے کہ غیر فعال کیے جانے والے نیٹ ورکس کے زیادہ تر اکاؤنٹس پر پاکستانی فوج کی حمایت میں مواد موجود تھا اور یہ نیٹ ورکس حکومت کے ناقدین کو خاموش کرانے کے لیے بھی استعمال ہو رہے تھے۔
گزشتہ سال نومبر میں بھی فیس بک نے 103 پیجز، گروپس اور انسٹا گرام پروفائلز کو بلاک کر دیا تھا۔ فیس بک نے کہا تھا کہ یہ پیجز، گروپس اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے اہل کاروں سے منسلک ہیں۔
پاکستان میں ڈیجیٹل رائٹس کی تنظیم ‘بولو بھی’ کے ڈائریکٹر اسامہ خلجی کہتے ہیں کہ فیس بک کی رپورٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ ریاست جعلی اکاؤنٹس اور نیٹ ورکس کے ذریعے سوشل میڈیا کا غلط استعمال کر رہی ہے۔
وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے اسامہ خلجی نے کہا تھا کہ یہ باعث تشویش ہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے رائے عامہ کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کے بقول جعلی اکاؤنٹس ایک بڑا مسئلہ ہے، تاہم فیس بک کی جانب سے ان جعلی اکاؤنٹس کی بندش خوش آئند ہے۔
خیال رہے کہ فیس بک نے اپنے حالیہ اقدامات میں صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ بھارت، روس اور دیگر ممالک سے بھی چلائے جانے والے متعدد نیٹ ورکس کو غیر فعال کیا ہے