لندن (ھمگام نیوز) بلوچ قوم دوست رہنما اور فری بلوچستان مومنٹ کے سربراہ حیربیارمری نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پراپنے تازہ بیان میں کہا کہ ایرانی وزیرخارجہ جوادظریف اور ایرانی ملا دعویٰ کرتے ہیں کہ امریکی پابندیاں اقتصادی دہشت گردی ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ایرانی ریاست خود بلوچ قوم کے خلاف معاشی دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہے۔
22 فروری کو ایرانی دہشت گرد قابض فوج آئی آر جی سی نے بلوچستان کو تقسیم کرنے والے خودساختہ و غیرفطری سرحد پر 10 سے زائد بلوچ تاجروں کا قتل عام کیا اور کئی درجن افراد کو زخمی کیا۔ ان تاجروں کے قتل کے بعد قابض ایرانی فورس نے ان کی پک اپ گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا۔
بلوچ رہنما نے مزید کہا کہ ایران نے نہ صرف بلوچستان پر قبضہ کیا ہے اور اس کے قدرتی وسائل کو لوٹ لیا ہے بلکہ اس نے ہمارے وطن بلوچستان میں بلوچ لوگوں کی نقل و حرکت پر بھی سختی سے پابندی عائد کردی ہے۔