برلن: (ہمگام نیوز) ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں تیز کے ساتھ بدلتی صورت حال پر غور کے لیے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ نے “ایکس” پلیٹ فارم پر کہا ہے کہ سلامتی کونسل مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیےآج اتوار ایک ہنگامی اجلاس منعقد کرے گی۔

قبل ازیں اسرائیل نے کونسل سے کہا کہ وہ اسرائیل پر ایرانی حملے کی مذمت کے لیے فوری طور پر ایک اجلاس منعقد کرے۔

اقوام متحدہ میں اسرائیل کے مندوب گیلاد اردان نے کونسل کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ “ہم سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے کے لیے فوری طور پر کارروائی کرے۔ انہوں نے اسرائیل پرایرانی حملے کو کھلی جارحیت قرار دیا۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اتوار کو وزارت کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے بیانات میں کہا کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل اور ڈرون داغے جانے کے بعد بڑھتی ہوئی کشیدگی پر چین کو گہری تشویش ہے۔

ترجمان نے ایرانی حملوں کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ “چین تمام متعلقہ فریقوں سے پرامن رہنے اور کشیدگی میں مزید اضافے سے بچنے کے لیے تحمل سے کام لینے کا مطالبہ کرتا ہے”۔