لندن (ہمگام نیوز) ہم، ایران کی قابض اسلامی جمہوریہ کے زیرِ اقتدار سیاسی جغرافیے میں بسنے والی محکوم اور مقبوضہ اقوام کے نمائندے، اس اعلامیے کے دستخط کنندگان، اس فیصلہ کن اور تاریخی مرحلے پر اپنی تاریخی ذمہ داری کا ادراک رکھتے ہوئے، ملک گیر عوامی جنبش اور وسیع پیمانے پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی بھرپور، واضح اور غیرمشروط حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔

آج جو کچھ سڑکوں اور چوراہوں میں رونما ہو رہا ہے، وہ محض معاشی حالات یا محدود مطالبات کے خلاف احتجاج نہیں، بلکہ آزادی، انسانی وقار اور حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے اقوام کی ایک باشعور بغاوت ہے، وہ حق جو دہائیوں سے “ایران” کی مظلوم اقوام سے منظم انداز میں چھینا گیا ہے اور اس کی جگہ جبر، امتیاز، زمینوں پر قبضہ اور قومی شناختوں کے انکار نے لے لی ہے۔

موجودہ عوامی ابھار اور احتجاج حکمران نظام کی جابرانہ رویہ، مرکزیت پسندی اور قابض پالیسیوں کا براہِ راست نتیجہ ہے؛ ایسا نظام جو اپنی سیاسی، اخلاقی اور انسانی حیثیت کھو چکا ہے اور اب صرف تشدد اور خوف کے سہارے اپنی بقا برقرار رکھے ہوئے ہے۔

ہم، بطور محکوم اور مظلوم اقوام کی نمائندہ تنظیمیں اور جماعتیں، اس یقین کا اظہار کرتے ہیں کہ تاریخی فیصلے کا لمحہ آ پہنچا ہے۔ لہٰذا ہم تمام مظلوم اور مقبوضہ اقوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک گیر مظاہروں اور زمینی جدوجہد میں زیادہ وسیع، زیادہ منظم، زیادہ خودمختار، زیادہ باشعور اور زیادہ متحد ہو کر شرکت کریں اور اپنی اجتماعی ارادے کو ایک متحد آواز کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کریں۔

اس تحریک کے اہداف واضح، بنیادی اور ناقابلِ سمجھوتہ ہیں:

• قابض اور آمرانہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نظام کا مکمل خاتمہ؛ • قومی، ثقافتی اور لسانی امتیازی پالیسیوں کا خاتمہ؛ • مقبوضہ اقوام کے انسانی، سیاسی اور قومی حقوق کی مکمل ضمانت؛ • اور سب سے بڑھ کر، محکوم اقوام کے حقِ خود ارادیت کو ایک جائز، بنیادی اور ناقابلِ واپسی اصول کے طور پر تسلیم کیا جانا۔

ہم اس تحریک کو موڑنے، ہتھیانے یا محدود کرنے کی ہر اس کوشش کے خلاف خبردار کرتے ہیں جو موقع پرست حلقوں یا فارسی شاونزم کی بالادستی کو دوبارہ پیدا کرنے والے منصوبوں کے ذریعے کی جائے، اور اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اس جغرافیے کا سیاسی مستقبل صرف اور صرف محکوم اقوام کی آزاد مرضی کی بنیاد پر اور کسی بھی قسم کی سرپرستی کے بغیر تشکیل پانا چاہیے۔

اس اعلامیہ کے اختتام پر ہم عالمی برادری، بین الاقوامی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور آزاد ذرائع ابلاغ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مظلوم اقوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں، ان کی آواز کو دنیا تک پہنچائیں، اور ایران کے قابض نظام کی جانب سے ہونے والے جبر، قتل و غارت اور انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں پر خاموش نہ رہیں۔ فتح متحد اور مزاحمت کرنے والی اقوام کی ہے۔ آزادی ہمارا مسلم حق ہے۔

حقِ خود ارادیت مظلوم اقوام کا مشترکہ اور ناقابلِ انکار مطالبہ ہے۔ دستخط کنندہ تنظیمیں اور جماعتیں ( محکوم و مقبوضہ اقوام): 1. جنوبی آذربائیجان آزادی پارٹی 2. عوامی جمہوری محاذِ احواز 3. جنوبی ترکمنستان قومی جمہوری محاذ 4. جمہوری محاذِ احواز 5. بلوچ قومی تحریک (بلوچستان راجی زرمبش) 6. کردستان آزادی پارٹی (PAK) 7. عرب محاذِ آزادیِ احواز 8. جنوبی آذربائیجان ڈیموکریٹک پارٹی (GADP) 9. کردستان سربستی پارٹی (PSK) 10. تحریکِ آزادیٔ کردستان 11. احوازی عرب جدوجہد تحریک – ASMLA 12. فری بلوچستان موومنٹ 13. انقلابی تنظیمِ خەبات، کردستان 14. کردستان آزادی پارٹی 15. بلوچستان راجی تباکی پارٹی 16. بلوچستان اجوئی زرمبش 17. آذربائیجان طلبہ تحریک – AZOH 18. قشقائی پارٹی “آزادی کے راستے کا اتحاد” (QAYI) 19. وسطی آذربائیجان پارٹی