سبی(ہمگام نیوز) تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سانگان اور جالڑی میں پاکستان آرمی اور ایف سی نے بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔علاقائی ذرائع کے مطابق کوہلو اور کھاہان کے مختلف علاقوں میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے شیلنگ کی جارہی ہے۔ پاکستان آرمی اور ایف سی کے سپاہی بھاری اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں۔ جن کو فضائیہ اور توپخانے کی کمک بھی حاصل ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں ٹینک بھی گشت کرتے اور گولہ باری کرتے نظر آرہے ہیں۔ گزشتہ کئی روز سے جاری آپریشن میں فضائی بمباری اور زمینی آپریشن کی وجہ سے متعدد نہتے بلوچ شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔ ناکہ بندی اور گھیراؤ کی وجہ سے زخمیوں کے شہید ہونے کا خدشہ ہے۔ فضائی بمباری کی وجہ سے بہت سے گاؤں تباہی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ تازہ آپریشن کے دوران آج صبح سے ہیلی کاپٹروں سے نہتے لوگوں اور آبادیوں پر بمباری کی جارہی ہے۔ جبکہ زمینی آپریشن میں تیزی لانے کے ساتھ تازہ دم فوجی دستے کوہلو اور کھاہان کی جانب بڑھ رہے ہیں۔