قلات (ہمگام نیوز) قلات سے افسوسناک اطلاع کے مطابق پاکستانی فورسز نے نرمُک درنگ کے مقام پر ایک گھر پر چھاپہ مار کر دو سگے بھائیوں کو ماورائے عدالت حراست میں لے لیا اور کچھ دیر بعد انہیں جعلی مقابلے میں شہید کردیا۔
شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت اسماعیل اور حبیب اللہ (حبُل)ولد عبدالنبی لہڑی کے نام سے ہوئے ہیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق دونوں بھائی زراعت سے منسلک مزدوری کرکے گھر چلاتے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ قلات میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو مشتبہ افراد مارے ہیں۔
البتہ علاقائی و خاندانی ذرائع کے مطابق عینی شاہدین کی موجودگی میں پاکستانی فورسز نے مذکورہ نوجوانوں کو ان کے گھر سے جبراً حراست میں لے لیا اور کچھ دیر بعد انہیں ایک مقام پر سی ٹی ڈی کی طرز پر فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ان بھائیوں میں سے ایک بیمار بھی تھا جسکا گزارا دوائیوں پر تھا۔