پشاور ( ہمگام نیوز) پاکستان کے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے نواحی علاقے شہباز خیل میں پولیس چوکی پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔
پولیس دعوے کے مطابق جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔
ترجمان لکی مروت پولیس کے مطابق نیا سال شروع ہوتے ہی رات کو مسلح افرادنے بھاری اور خودکار اسلحے سے لیس ہو کر پولیس چوکی پر حملہ کیا۔ اور چوکی کے اندر گھسنے کی کوشش کی۔
پولیس دعوے کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس چوکی شہبازخیل کو کئی اطراف سے خودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنایا، اس دوران انہوں نے آر پی جی سیون راکٹ لانچر اور دستی بموں سمیت جدید ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا۔