سبی (ہمگام نیوز) مست توکلی انسٹیٹوٹ آف ریسرچ اینڈ پبلیکیشنز کی جانب سے مادری زبانوں کے عالمی دن کے حوالے سے بلوچستان کے علاقے سبّی میں ایک روزہ سیمینار منعقد کی جارہی ہے.
اس سیمینار میں بلوچ دانشور اور شاعر حضرات مادری زبانوں کی اہمیت، مسائل اور ان کی ترقی و ترویج کیلئے اپنے خیالات کا اظہار اور اپنے کلام سنائیں گے. اس کے علاوہ ایک کُتب میلہ بھی ہوگا.
مست توکلی انسٹیٹیوٹ آف ریسرچ اینڈ پبلیکیشنز نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ یقیناً مادری زبان قوم کی وجود کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے. دنیا میں آج وہی قومیں ترقی یافتہ ہیں جنہوں نے اپنی مادری زبانوں پر دن رات محنت کرکے اپنے درس و تدریس کا ذریعہ بنایا. باشعور قوموں نے اپنی ترقی کا راز اپنی مادری زبانوں کو بنایا ہے. بیشک مادری زبان حصول علم کا ایک آسان ذریعہ ہے. ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کے تمام اسکولوں میں مڈل تک بچوں کو ان کی مادری زبان میں تعلیم دی جائے. بلوچ اکثریتی علاقوں کے کالجز میں براہوئی اور بلوچی زبان کیلئے الگ ڈیپارٹمنٹس بنائے جائیں. بلوچستان کے تمام ادبی ادارے مادری زبان کی ترقی و ترویج کیلئے ایک ساتھ ملکر خدمات سرانجام دیں.
اسی مقصد کیلئے مست توکلی انسٹیٹیوٹ کی جانب سے 25 فروری 2021 بروز جمعرات کو میر چاکر خان یونیورسٹی سبی میں مادری زبانوں کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار، محفل مشاعرہ اور کُتب میلہ منعقد کر رہی ہے. تمام ادیب، شاعر اور زبان دوست عوام شرکت کرکے زبان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں.