فجیرہ: (ہمگام نیوز) متحدہ عرب امارات کی اہم بندرگاہ فجیرہ پر پیر کے روز ایک بار پھر ڈرون حملہ کیا گیا جس کے بعد تیل لوڈ کرنے کی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی گئیں۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق حملے کے نتیجے میں فجیرہ آئل انڈسٹری زون میں آگ بھڑک اٹھی۔

فجیرہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے کے بعد صنعتی علاقے میں آگ لگ گئی تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ شہری دفاع کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ اب تک کسی زخمی کی تصدیق نہیں ہوئی۔

فجیرہ بندرگاہ خلیجِ عمان کے ساحل پر واقع ہے اور آبنائے ہرمز کے باہر تیل کی برآمد کے ایک اہم مرکز کے طور پر جانی جاتی ہے۔ یہاں سے متحدہ عرب امارات کے خام تیل کی بڑی مقدار بیرون ملک بھیجی جاتی ہے۔ فجیرہ اسی نام کی امارت کا دارالحکومت بھی ہے جو متحدہ عرب امارات کی سات ریاستوں میں شامل ہے، جبکہ ابو ظہبی اور دبئی ملک کی سب سے بڑی اور زیادہ آبادی والی ریاستیں ہیں۔