کیچ (ہمگام نیوز) بلوچ سماجی و سیاسی کارکن کامریڈ وسیم سفر نے اپنےسوشل میڈیا بیان میں کہا تھا جارہانہ پالیسیاں سیاسی کارکنوں کی زبان بندی اور جمہوری جدوجہد کو دبانے کی سوچی سمجھی کوشش ہیں۔ فورتھ شیڈول کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے آئینی، شہری و جمہوری آزادیوں کو پامال کیا جا رہا ہے۔ خواتین کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنا انسانی وقار اور بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
مکران، جو ہمیشہ جمہوری عمل کا گہوارہ رہا ہے، آج وہاں سیاسی کارکنوں کو ہراساں کر کے جھوٹے مقدمات میں گھسیٹا جا رہا ہے۔ پُرامن احتجاج پر فائرنگ اور گھروں پر چھاپے اس بات کا ثبوت ہیں کہ صوبائی حکومت مکالمے کے بجائے طاقت کے ذریعے خوف مسلط کرنا چاہتی ہے۔
ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ:
1. تمپ نظرآباد فائرنگ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔
2. فورتھ شیڈول کے ناجائز استعمال کو فوراً روکا جائے اور خواتین و کارکنان کے نام فہرست سے نکالے جائیں۔
3. چادر و چار دیواری کی پامالی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
بلوچستان میں جمہوریت، انسانی وقار اور آئینی آزادیوں پر حملے ناقابلِ قبول ہیں۔ ہم تمام جمہوری و انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان غیر جمہوری رویوں کے خلاف آواز بلند کریں اور بلوچستان کے عوام کے آئینی حقوق کے دفاع میں متحد ہوں۔















