کندھار (ہمگام نیوز) افغانستان کے شہر کندھار میں پولیس ہیڈکوارٹرز کے باہر کار بم دھماکوں کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 12 افراد جانبحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے پولیس اور طبی حکام اور طالبان کا کہنا ہے کہ طالبان جنگجوؤں نے پولیس ہیڈکوارٹرز کے بیرونی دروازے پر دو گاڑیوں کو دھماکے سے اڑایا جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں۔
افغانستان کے جنوبی شہر کی پولیس کے سربراہ تادین خان اچکزئی نے بتایا کہ دھماکوں کے بعد جنگجوؤں نے قریبی مقامات سے فائرنگ شروع کی اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار ان کا مقابلہ کررہے تھے۔
تادین خان اچکزئی نے کہا کہ حملہ آوروں نے پولیس کے انسداد منشیات ونگ کو نشانہ بنایا۔ بتایاجارہا ہے کہ پہلے دھماکے کے بعد یکے بعد دیگرے 3 دھماکوں کی آوازیں سنائی دی اور اس دوران فائرنگ بھی جاری تھی۔ راہ گیروں کے فرار ہونے پر پولیس نے متاثرہ علاقے تک جانے والا راستہ بند کردیا ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان بہیر احمدی نے ہلاکتوں کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں پولیس اہلکار اور شہری دونوں شامل ہیں۔
قندھار کے صوبائی ہسپتال میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے بتایا کہ 83 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں اکثر شہری ہیں۔
طالبان کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا جنگجوؤں نے گاڑیوں کو دھماکے سے اڑایا تھا اور پولیس کے دفاتر میں کچھ جنگجوؤں کے داخل ہونے کے بعد سے جھڑپیں تاحال جاری ہیں۔ جبکہ آس پاس کے کئی گھروں کے شیشے اور دروازے دھماکوں کی شدت سے اکھڑ گئے۔