بارکھان (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے بغاؤ میں قبائلی دشمنی کے شکار دو گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ، فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر جانبحق۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ آج صبح 5 بجے کے قریب ہوا جب دو مخالف اور قبائلی دشمنی کے شکار گروہوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑے۔
انتظامیہ نے لاشیں تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کردیں جہاں لاشوں کا پوسٹ مارٹم اور دیگر کاروائی کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے لاشیں ورثا کے حوالے کردیں۔
جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت حسن درکیانی، شیرزمان وگہ اور صورت وگہ کے نام سے ہوگئی ہے۔
ذرائع نے ہمگام نیوز کو بتایا کہ واقعے کے رونما ہونے کے بعد واقعے میں زخمی افراد دو گھنٹے تک جائے وقوع پر تڑپتے رہے مگر انتظامیہ اور قانون نافظ کرنے والے ادارے نہ پہنچ سکے اور نہ ہی علاقے کے لوگوں نے کوئی مدد کی۔
یاد رہے مقبوضہ بلوچستان میں قابض پاکستانی آرمی اور خفیہ ادارے اس طرح کے تنازعات کو ہوا دیکر بڑھاوا دیتے ہیں تاکہ بلوچ آپس میں ہی دست و گریباں رہے اور یوں ہی برادریوں، قبائل اور علاقوں کے نام پر تقسیم ہوتے رہیں اور وہ اس نا اتفاقی اور تقسیم سے پورا فائدہ اٹھاکر اپنی قبضہ گیریت کو دوام دیتے رہیں۔