منگچر: (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے علاقے قلات سے قابض پاکستانی فورسز کے ہاتھوں تین بھائیوں کے جبری لاپتہ ہونے کے خلاف منگچر بازار کے مقام پر لواحقین نے کوئٹہ-کراچی مین شاہراہ کو بند کر کے احتجاج شروع کر دیا ہے۔ احتجاج میں خواتین، بچوں، اور علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مرید احمد، محبوب علی، اور ارشاد احمد کو بازیاب نہیں کیا جاتا۔
یاد رہے کہ 8 اور 9 دسمبر کی درمیانی شب قابض پاکستانی فورسز نے قلات کے علاقے منگچر کے کلی زکریازئی میں ایک گھر پر حملہ کر کے مرید احمد، محبوب علی اور ارشاد احمد کو غیر قانونی طور پر حراست میں لینے کے بعد جبری لاپتہ کر دیا تھا۔ تینوں بھائی ماسٹر محمد اسماعیل لانگو کے بیٹے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مرید احمد کا دماغی توازن درست نہیں تھا اور وہ ایک ماہ سے زائد عرصے تک ہسپتال میں زیرِ علاج رہنے کے بعد حال ہی میں گھر واپس آئے تھے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں، جن پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے کئی بار تشویش کا اظہار کیا ہے، لیکن تاحال کوئی سنجیدہ اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے۔