مچھ: (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ مچھ کے مقام الہ آباد میں قابض پاکستانی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان شدید جھڑپ کے نتیجے میں پاکستانی فورسز کے تین اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز دوپہر دو بجے سے چار بجے تک قابض پاکستانی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان شدید جھڑپ جاری رہی۔ اطلاعات کے مطابق قابض پاکستانی فورسز جارحیت کی غرض سے علاقے میں پیش قدمی کر رہی تھیں کہ پہلے سے گھات لگائے مسلح افراد نے مختلف اطراف سے شدید حملہ کردیا۔
حملے کے نتیجے میں قابض پاکستانی فورسز کو پیش قدمی روک کر پسپا ہونا پڑا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض پاکستانی فورسز نے متعدد مارٹر گولے فائر کیے، تاہم مسلح افراد کو کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد حملے کے بعد بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔
تاہم مذکورہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی بلوچ آزادی پسند تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔


