بُرما (ہمگام نیوز) میانمار میں طوفان “یاگی” کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں شدید سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 74 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ درجنوں افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ریاستی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ میانمار کے شمال مشرقی علاقوں میں پیش آیا، جہاں مسلسل بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ریسکیو ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد دیہات مٹی تلے دب گئے ہیں، جبکہ سیکڑوں گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ حکام نے ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں زرعی اراضی کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اور غذائی قلت کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
طوفان یاگی کے اثرات سے بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے، جس کی بحالی کے لیے حکومتی ادارے سرگرم ہیں۔