ناروے کی پارلیمان پر سائبر حملہ، متعدد منتخب ارکان و ملازمین کے ای میل اکاؤنٹس ہیک
ناروے (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق ناروے کی پارلیمان پر گذشتہ چند روز میں سائبر حملہ کیا گیا ہے۔قومی اسمبلی اور کاؤنٹر انٹیلی جنس ایجنسی نے منگل کے روز اس سائبر حملے کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ متعدد منتخب ارکان اورملازمین کے ای میل اکاؤنٹس ہیک کر لیے گئے ہیں۔
پارلیمان نے بیان میں بتایا ہے:’’ ہمارا تجزیہ یہ ہے کہ بھاری مقدار میں ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کر لیا گیا ہے۔‘‘ لیکن اس نے اس سائبر حملے میں متاثر ہونے والے قانون سازوں اور عملہ کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔
ناروے کی نیشنل سکیورٹی اتھارٹی ( این سی اے) اس حملے کا توڑ کرنے میں پارلیمان کی معاونت کی ہے۔اس کے ترجمان ٹرانڈ اوفستدال نے کہا ہے کہ ’’ہم گذشتہ چند روز میں اس حملے کا توڑ کرنے میں مصروف رہے ہیں اور پارلیمان کی حملے کے تجزیے میں فنی معاونت کی ہے۔‘‘
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ یہ سائبرحملہ کس نے کیا تھا یا یہ کس نوعیت کا حملہ تھا۔پارلیمان کی غیر منتخب منتظم اعلیٰ میریان آندریاسین کا کہنا تھا کہ ’’اس حملے کو روکنے کے لیے کوششوں کے فوری اثرات مرتب ہوئے ہیں۔‘