کوئٹہ(ہمگام نیوز)بلوچ ری پبلکن پارٹی کے مرکزی ترجمان شیرمحمد بگٹی نے اپنے جاری ہونے والے بیان میں بابائے بلوچ نواب خیربخش مری مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزرگ بلوچ رہنما نواب خیربخش مری کی دوسری برسی کی مناسبت سے 10 جون کو بلوچستان بھر میں بی آرپی کارکنان کی جانب سے ریفرنسز، سٹڈی سرکلز اور قرآن خوانی کی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ نواب خیربخش مری کی زندگی، جدوجہد، نظریہ اور فکر بلوچ قوم کیلئے مشعل راہ ہے جو کہ ان کے دنیا کے رخصت ہونے بعد بھی بلوچ قوم کی رہنمائی کررہی ہے اور ہمیشہ کرتی رہے گی۔ نواب خیربخش مری جیسے رہنما خوش قسمت قوموں کو ملتی ہیں جن کی فکرونظریے کی بدولت قومیں تاریک اندھیروں سے نقل کر روشن مستقبل کی طرف گامزن ہوتی ہیں اور جن کی جدوجہد قوم کو کامیابی اور خوشحالی کے بلند مقامات تک پہنچاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ نواب خیربخش مری صرف ایک شخصیت یا رہنما نہیں تھے بلکہ وہ ایک ایسے باب تھے جس کے بغیر بلوچ تاریخ مکمل نہیں ہوتی اور ان کا ذکر ہمیشہ تاریخ میں سنہرے حروف سے کیا جائے گا۔ شیرمحمد بگٹی کا کہنا تھا کہ آج یہ ذمہ داری بلوچ نوجوانوں پر عائد ہوتی ہے کہ وہ ناصرف بابائے بلوچ کی فکر و نظریے پر عمل کرتے ہوئے قومی تحریک کو مضبوط و منظم کریں بلکہ آنے والی نسلوں تک نواب خیربخش مری کا پیغام پہنچاتے رہیں۔