ماسکو(ہمگام نیوز) روس کی انٹیلی جنس نے امریکا اور برطانیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ شام میں روسی فوجی اڈوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ روسی انٹیلی جنس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی اور برطانوی ایجنٹوں نے روسی فوجی اڈوں کے خلاف حملوں کے واسطے اشتعال انگیزی کی تا کہ ماسکو کو شام سے انخلا پر مجبور کیا جا سکے۔
روس کی خارجہ انٹیلی جنس کے پریس آفس کی جانب سے ہفتے کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ “برطانوی انٹیلی جنس شام میں روسی فوجی ٹھکانوں پر سلسلہ وار دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ حملوں کے ارتکاب کے لیے (روس میں کالعدم) دہشت گرد تنظیم داعش کے جنگجوؤں کی مدد لی جائے گی جن کو نئے حکام نے کچھ عرصہ قبل جیلوں سے رہا کیا ہے”۔
یاد رہے کہ 29 دسمبر 2014 کو روس کی سپریم کورٹ نے ایک فیصلے کے تحت “داعش” کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ فیصلے کے نتیجے میں روس میں تنظیم کی سرگرمیوں پر پابند عائد کر دی گئی۔
روسی کی خارجہ انٹیلی جنس کے ادارے کے مطابق “لندن اور واشنگٹن توقع کر رہے ہیں کہ اس طرح کی اشتعال انگیز کارروائیاں روس کو شام سے انخلا پر مجبور کر دیں گی، ساتھ ہی شام میں نئے حکام پر الزام عائد کیا جائے گا کہ وہ شدت پسندوں پر قابو پانے کی صلاحیت نہیں رکھتے”۔
روسی خارجہ انٹیلی جنس کے ادارے نے مزید کہا کہ “اسے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق امریکی انتظامیہ اور برطانوی قیادت (سابق) شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کے سقوط کے بعد اس ملک میں استحکام کا قیام روکنے کے لیے کوشاں ہے۔ وسیع دائرے میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ دونوں مشرق میں انارکی کی صورت حال برقرار رکھنے کی کوشش کر ر
ہے ہیں”۔