24 جون 2026
ہامر(ھمگا نیوز) ورلڈ ایکسپریشن فورم (WEXFO) نے انسانی حقوق کی معروف کارکن اور تنظیم کے 2024 کے ینگ ایکسپرٹ پروگرام کی رکن ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو پاکستان میں مبینہ طور پر سنائی گئی عمر قید کی سزا پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ انسانی حقوق اور آزادیٔ اظہار کی ایک پُرامن حامی کے طور پر بین الاقوامی سطح پر پہچانی جاتی ہیں۔ بیان کے مطابق ان کے مقدمے نے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور آزادیٔ اظہار کے لیے دستیاب شہری و جمہوری فضا کے حوالے سے سنگین سوالات کو جنم دیا ہے۔
ورلڈ ایکسپریشن فورم نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے تمام بنیادی حقوق کا مکمل احترام کیا جائے اور انہیں بین الاقوامی اصولوں اور معیارات کے مطابق شفاف، منصفانہ اور قانونی تقاضوں پر مبنی عدالتی عمل فراہم کیا جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ تنظیم آزادیٔ اظہار، پُرامن اجتماع اور ان افراد و گروہوں کے حقوق کے دفاع کے اپنے عزم پر قائم ہے جو پُرامن ذرائع سے وقار، انصاف اور جوابدہی کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔
فورم نے مزید کہا کہ وہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور ان تمام افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے جو آزادیٔ اظہار کے حق کے استعمال کی وجہ سے خاموش کرائے گئے، قید کیے گئے یا مختلف نوعیت کے دباؤ اور ہراسانی کا سامنا کر رہے ہیں۔
ورلڈ ایکسپریشن فورم نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی حقوق اور آزادیٔ اظہار کے تحفظ کو یقینی بنانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ایسے معاملات میں شفافیت اور انصاف کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔














