واشنگٹن(ہمگام نیوز ) امریکہ اور یورپی یونین نے ایرانی افراد اور اداروں پر الگ الگ نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ خاص طور پر ایرانی وزیر دفاع محمد رضا اشتیانی پر بھی پابندی لگائی گئی۔ عرب عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یورپی یونین نے 6 ایرانی افراد اور 3 اداروں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا۔ ان افراد میں وزیر دفاع محمد رضا اشتیانی بھی شامل ہیں۔ یہ پابندیاں روس اور مشرق وسطیٰ میں مسلح گروہوں کو ہتھیاروں کی منتقلی میں کردار ادا کرنے پر عائد کی گئی ہیں۔
بعد ازاں امریکی محکمہ خزانہ نے اپنی ویب سائٹ پر اطلاع دی کہ امریکہ نے ایران سے متعلق نئی پابندیاں جاری کر دی ہیں۔ وزارت نے کہا پابندیاں ایرانی ایرو سپیس انڈسٹریز آرگنائزیشن سے منسلک ایک فرد اور 4 اداروں پر عائد کی گئی ہیں۔
یاد رہے گزشتہ دو سالوں کے دوران تہران نے روس کو یوکرین کی جنگ میں استعمال کے لیے ڈرون سمیت کسی بھی ہتھیار کی فروخت سے انکار کیا ہے۔ دوسری طرف یوکرین نے بار بار روس کی جانب سے ایرانی “شاہد” ڈرونز کو اپنی افواج کے خلاف استعمال کرنے کے شواہد پیش کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
یاد رہے حوثی گروپ کے افراد نے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملے شروع کرکے جہاز رانی کو مفلوج کردیا ہے۔ مغرب ایران پر الزام لگاتا ہے کہ وہ اس یمنی گروہ کو بھی ہتھیار اور تربیت فراہم کر رہا ہے۔ گزشتہ اپریل میں یورپی یونین کے رہنماؤں نے اسرائیل پر ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد ایران پر پابندیاں بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔