وڈھ (ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ وڈھ کے رہائشی عبدالباری ولد عبدالخالق قوم شیخ کو خضدار سے مبینہ طور پر اغوا کیے جانے کے واقعے کے خلاف لواحقین اور مقامی افراد سراپا احتجاج بن گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان نے واقعے کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے شال کراچی مرکزی شاہراہ کو کاکاہیر کے مقام پر مکمل طور پر بند کردیا، جس کے باعث دونوں اطراف ٹریفک کی طویل قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہاہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ عبدالباری کی خضدار سے اغوا نے اہلِ خانہ کو شدید تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے، اور تاحال کسی قسم کی پیش رفت نہ ہونے پر احتجاج ناگزیر ہو گیا تھا، انہوں نے حکامِ بالا سے مطالبہ کیا کہ مغوی کی فوری بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
دوسری جانب وڈھ کے علاقے کاکا ہیر میں ہی نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 22 سالہ ایک نوجوان نواب ولد اسحاق قبیلہ گمشادزئی سکنہ میہاندر وڈھ کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مدینہ ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں حملہ آوروں نے نوجوان کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے جبکہ لاش کو ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔















