واشنگٹن (ہمگام نیوز) منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے آئندہ تقرر کی تقریب کے انتظام کے لیے 17 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی رقم جمع کر لی ہے۔ یہ ایک ریکارڈ رقم ہے جس میں ٹکنالوجی کمپنیوں کے سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹروں اور مرکزی عطیہ کنندگان نے اہم کردار ادا کیا۔

عطیات کی مہم سے با خبر ایک فرد نے توقع ظاہر کی ہے کہ مہم کے اختتام تک ٹرمپ کے تقرر کی کمیٹی 20 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی رقم اکٹھا کر لے گی۔

یہ نجی عطیات حلف برداری کی تقریب کے ضمن میں ہونے والی سرگرمیوں کے اخراجات کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ ان میں حلف برداری کی تقریب کے علاوہ افتتاحی شو اور تقریب کے مہنگے کارڈ شامل ہیں۔

چار سال قبل موجودہ صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری کے لیے 6.2 کروڑ ڈالر کی رقم جمع ہوئی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ 2016 میں اپنی تقریب حلف برداری کے موقع پر عطیات کا ریکارڈ توڑ چکے ہیں جب انھوں نے 10.7 کروڑ ڈالر کے قریب رقم اکٹھا کی تھی۔

ٹرمپ کی تقریب حلف برداری امریکا میں جاری سوگ کے عرصے میں منعقد ہو گی۔ سابق صدور کے وفات پر عموما ملک میں 30 روز تک سوگ جاری رہتا ہے۔ امریکا کے ایک سابق صدر جمی کارٹر 29 دسمبر کو 100 برس کی عمر میں انتقال کر

گئے تھے۔