اسلام آباد (ہمگام نیوز) مانیٹرینگ نیوز ڈسک رپورٹس کے مطابق پاکستانی حکام نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ ان پانچ انڈین قیدیوں کو رہا کر کے واپس انڈیا بھیج دیا گیا ہے جنھوں نے فوجی عدالت سے ملنے والی سزا پوری کر لی تھی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پاکستان میں انڈین ہائی کمیشن کی طرف سے قیدیوں کی رہائی سے متعلق درخواست کی سماعت کی تو ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر 26 اکتوبر کو ان پانچ قیدیوں کو رہا کر دیا گیا تھا۔
اُنھوں نے کہا کہ رہائی کے بعد ان افراد کو واہگہ بارڈر کے ذریعے انڈیا بھی بھیج دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ انڈین حکام نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایسے چار انڈین شہریوں کی رہائی کے لیے درخواست دائر کی تھی جنھیں پاکستان میں آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سزائیں دی گئی تھیں اور وہ یہ سزا پوری کر چکے ہیں۔
رہا کئے گئے افرادوں کے نام شمس الدین، برجو، ویگوان سنگھ، ستیش بھاگ اور سونو سنگھ شامل ہیں۔