اسلام آباد(ہمگام نیوزڈیسک) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے بعد اور جنیوا کنوشن کےتحت جاسوسی کے الزام میں کلبھوشن یادیو تک انڈیا کو قونصلر رسائی دینے کی باضابطہ پیشکش کر دی۔
ترجمان دفترِ خارجہ ڈاکٹر فیصل نے میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی دینے کی پیشکش کی گئی، قونصلر رسائی کے پیشکش کے بعد بھارت کا بیان بھی سامنے آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان بھارتی دفتر خارجہ رویش کُمار کا کہنا تھا کہ کلبھوشن تک قونصلر رسائی کی تجویز ملی ہے۔ ترجمان بھارتی دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان کی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تجویز کا جواب سفارتی ذرائع سے ہی دیا جائے گا.یاد رہے کہ پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے اور احکامات کے بعد کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ 18 جولائی کو جاری کیے جانے والے وزارت خارجہ کے اعلامیہ کے مطابق بھارتی شہری کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی دی جائے گی۔ کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی پاکستانی قوانین کے تحت دی جائےگی۔ کلبھوشن یادھو کو ویانا کنونشن کے تحت حاصل حقوق سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اور عالمی عدالت انصاف کی طرف سے پاکستان کو اس حوالے سے اقدامات کرنے کا کہا گیا تھا۔