کوئٹہ (ہمگام نیوز)بلوچ نیشنل موؤمنٹ کے مرکزی ترجمان نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان اپنی قبضہ کو برقرار رکھنے کے لئے ہمیشہ مذہب کو ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کرتا رہا ہے ،بلوچستان کے طول وعرض میں اسی مقصد کے تحت مذہبی انتہاپسندی کی تخم ریزی کی جاتی رہی ہے تاکہ بلوچ قوم کی یکجہتی ،تاریخی مذہبی رواداری کو مذہب کے نام پر پارہ پارہ کیا جائے اور دنیا کو باور کرایاجائے کہ بلوچ قوم آزادی کے لئے نہیں بلکہ مذہب کے نام پر آپس میں قتل و غارت کررہاہے مگر سیکولر تشخص کے مالک بلوچ قوم نے ہمیشہ قابض کے ایسے منصوبوں کو خاک میں ملا دیا ہے اور اپنی قومی آزادی کی جنگ کونہ صرف جاری رکھا ہے بلکہ اس میں روز نئی ولولے کے ساتھ دشمن کے ہمہ قسم کی سفاکیت اور حیوانیت کا مقابلہ کررہا ہے ۔اب عراق و شام میں اُٹھنے والی مذہبی دہشت گر د تنظیم داعش جس کے خلاف پوری عالمی برادری نے اعلان جنگ کر رکھا ہے کی بلوچستان میں موجودگی قابض کی جانب سے بلوچ قوم،قومی تاریخ ، سیکولرتشخص اور قومی تحریک کے خلاف ایک نئی سفاکیت کے لئے راہ ہموار کرنا ہے ۔اس مقصد کے لئے بلوچستان کے علاقے زہری سمیت مختلف جگہوں پرباقاعدہ کیمپ قائم کئے گئے ہیں ۔جھالاوان میں نیشنل پارٹی کی ایماء پر ا س منصوبے کی سرپرستی سردار ثناء اللہ زہری کررہا ہے ۔نیشنل پارٹی اپنی وقتی مفادات کے لئے قومی جذبات کا رخ مذہبی انتہا پسندی کی جانب موڑنے میں قابض کے ساتھ اشتراک کرکے عملاََ قومی تحریک کے خلاف صف آراء ہوچکا ہے ۔اس پارٹی کے قائدین اپنے سطحی مفادات کے لئے واضح طور پاکستانی فوج کی ہمراہ داری میں مذہبی انتہا پسند اور رجعتی عناصر کے ساتھ ہمکاری کرکے بلوچ سماج کی روایتی مذہبی احترام کو جڑ سے اُکھاڑنے اور یہاں نفرت کا آگ بھڑکانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ،اب داعش کی فروغ ان کے جرائم میں ایک نیا اضافہ ہے بلوچستان کے کئی علاقوں میں داعش کی موجودگی ایک حقیقت بن چکا ہے ۔بلوچ نیشنل موومنٹ یہ واضح کرتا ہے جس طرح اس سے پہلے طالبان کے خلاف جنگ میں پاکستان نے عالمی برادری سے دھوکہ کرکے طالبان کو فروغ دینے کے لئے انہیں محفوظ ٹھکانے فراہم کردیئے اب اسی طرح اپنے مزموم مقاصد کے لئے داعش کی نشوونما کررہا ہے ، اور بلوچستان میں آزادی کی جنگ کو مذہبی انتہا پسندی کے ہتھیار سے کچلنے کی پالیسی پر مکمل عمل کررہاہے۔مگر عالمی برادری اپنے مفادات کے لئے اس کھیل میں پاکستان کی دوغلی اور منافقانہ کرداربارے اب تک دو ٹوک فیصلہ کرنے سے قاصر رہاہے جس کا براہ راست فائدہ پاکستانی فوج اور آئی ایس آئی اٹھا کر بلوچستان میں قیامت برپا کررہا ہے ۔ بلوچستان میں بلوچ کا لبادہ اوڑھے نیشنل پارٹی اور سردار ثناء اللہ زہری جیسے لوگ پاکستانی آئی ایس آئی کی دست و بازو بن کر قومی دشمن کی صورت میں سامنے آرہے ہیں ،لیکن تاریخ بارہا ثابت کرچکا ہے کہ بلوچ قوم کے خلاف ایسے منصوبے ناکام ہوچکے ہیں ،بلوچ قوم نے اپنی سرزمین اور قومی تحریک کا دفاع کیا ہے اوراب بھی قبضہ گیر کے کسی بھی منصوبے کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔نیشنل پارٹی کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئے کہ تاریخ بلوچ قوم کے خلاف ان کے ان جرائم کا محاسبہ ضرورکرے گاَ ۔