گوادر(ہمگام نیوز) بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں نایاب شارک مچھلی ماہی گیروں کے جال میں پھنس کر ہلاک ہو گئی ہے۔
نایاب شارک گوادر کی تحصیل پسنی کے سمندری حدود میں ماہی گیروں کے جال میں پھنس گئی تھی۔
پسنی کے مقامی صحافی نے بتایا کہ مچھیرے سمندری حدود میں معمول کی ماہی گیری کے لیے نکلے تھے کہ اچانک اُن کے جال میں بڑی مچھلی پھنس گئی۔
انھوں نے بتایا کہ دیکھنے پر پتہ چلا کہ شارک مچھلی جال میں پھنس گئی۔ شارک کا وزن ڈیڑھ ٹن سے زیادہ تھا اور اس کی لمبائی 14 فٹ تھی۔
مقامی صحافی کا کہنا ہے کہ ماہی گیروں نے شارک کو جال سے نکال کر دوبارہ سمندر میں ڈالنے کی بھرپور کوشش کی لیکن شارک کا وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ جال سے نکل نہیں سکی۔
یاد رہے کہ بلوچستان کی سمندری حدود میں شارک مچھلی کا شمار نایاب مچھلیوں میں ہوتا ہے۔ بلوچی زبان میں شارک مچھلی کو’بیران پاگاس‘ کہا جاتا ہے۔