پنجگور خدا بادان میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے شہید داود بلوچ کے گھر پر شدید فائرنگ
پنجگور (ہمگام نیوز ) ہمارے نمائندے کی اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب 3 بجے کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے پنجگور کے علاقے خدابادان میں شہید داود بلوچ ولد حاجی داد الرحمن کے گھر پر نامعلوم شر پسند مسلح افراد کی جانب سے شدید فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات نامعلوم مسلح افراد نے پنجگور کے علاقے خدابادان میں واقع شہید داود بلوچ کے گھر پر خود کار ہتھیاروں کی مدد سے اندھا دندھ فائرنگ کی گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کرنے کے بعد شہید داود کے گھر میں موجود فیملی کے افراد خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئے۔ فائرنگ کے وقت گھر میں موجود معصوم بچے فائرنگ کی زد میں آنے سے بال بال بچ گئے۔
نامعلوم مسلح حملہ آور فائرنگ کرنے کے بعد باآسانی فرار ہوگئے، جو مقامی انتظامیہ کی اہلیت پر ایک اہم سوالیہ نشان ہے جس کی وجہ سے پنجگور کے عوام کی جان و مال اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔