وارسا (ہمگام نیوز) پولینڈ نے کہا ہے کہ اس نے ڈرون نما اڑنے والے آلات کو مار گرایا ہے جو روسی حملوں کے دوران یوکرینی اہداف پر حملے کے دوران بار بار اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر رہا تھے۔

پولینڈ کی مسلح افواج کے آپریشنل کمانڈ نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا، “آج روسی فیڈریشن کے یوکرینی علاقے پر حملے کے نتیجے میں، ڈرون نما آلات سے پولینڈ کی فضائی حدود کی بے مثال خلاف ورزی ہوئی۔”

کمانڈ نے کہا کہ اس عمل نے ملک کے لیے ایک حقیقی خطرہ پیدا کیا اور پولش افواج نے مداخلت کرنے والے آلے کے خلاف ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

پولش اور اتحادی ریڈارز نے کئی درجن آلات کو ٹریک کیا، اور کچھ کو جو فضائی حدود کی خلاف ورزی کر رہے تھے اور خطرہ پیدا کر سکتے تھے ، انہیں مار گرایا گیا ہے۔

حکام نے سب سے زیادہ خطرے والے علاقوں — پودلاسکی، مازوویکی اور لوبلسکی صوبوں — کے رہائشیوں کو حکم دیا کہ جب تک فوجی کاروائیاں جاری ہیں وہ گھروں میں رہیں۔

انہوں نے کہا، “ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ فوجی کارروائیاں جاری ہیں اور ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ گھروں میں رہیں۔”

مار گرائے گئے ڈرونز کی تلاش

پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک نے تصدیق کی کہ ایک آپریشن جاری ہے اور فوج ان آلات کے خلاف ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ صدر کارول ناوروسکی اور وزیر دفاع ولادیسواف کوسینیاک کامیش کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

ٹسک نے کہا کہ انہوں نے نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے کو موجودہ صورتحال اور فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے آلات کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔

کوسینیاک کامیش نے کہا کہ پولینڈ نیٹو کمانڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمینی سطح پر مار گرائے گئے ڈرونز کی تلاش کے لیے علاقائی دفاعی افواج کو متحرک کر دیا گیا ہے۔