چابہار (ہمگام نیوز) چابہار سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق منگل 10 مارچ 2026 کو ساحلی علاقے اور بندرگاہ کے قریب زور دار دھماکے کے بعد فضا میں گہرے سیاہ دھوئیں کے بادل دیکھے گئے ہیں۔ موصول ہونے والی ویڈیوز ، دیگر تصاویر اور عینی شاہدین کے مطابق دھواں سمندر میں موجود ایک کشتی کے قریب سے اٹھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سمندر کی سطح سے سیاہ دھوئیں کا بڑا ستون اوپر اٹھ رہا ہے جبکہ قریبی علاقوں میں موجود شہری واقعے کو دیکھ رہے ہیں اور اس کی ویڈیوز بھی بنا رہے ہیں۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ ممکنہ طور پر بندرگاہ کے قریب موجود ایک کشتی میں ہوا۔ بعض مقامی ذرائع نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس کشتی کو میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہو سکتا ہے، اور بعض اطلاعات میں امریکہ کی جانب سے میزائل حملے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم اس دعوے کی اب تک کسی آزاد ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

خبر لکھے جانے تک دھماکے کی اصل وجہ، ممکنہ جانی یا مالی نقصان اور متاثرہ شناور کی نوعیت کے بارے میں کوئی مصدقہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، جبکہ ایران کے سرکاری حکام کی جانب سے بھی اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔