شال ( ہمگام نیوز )مقبوضہ بلوچستان میں ریاستی تشدد کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران گرفتار ہونے والی بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ حکومت شرائط کو مسترد کردی کہاکہ رہائی سب کی ہوگی ورنہ کسی کی نہیں ۔
ماہ رنگ بلوچ کی ہمشیرہ کے مطابق آج کوئٹہ کے ہدہ جیل میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی سربراہی میں ایک حکومتی وفد نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سے ملاقات کی اور ان کی رہائی کے لیے مشروط پیشکش کی۔
حکومتی وفد نے یقین دہانی دلائی کہ ان کے خلاف عائد 3MPO کے تحت الزامات واپس لے لیے جائیں گے بشرطیکہ وہ یعنی ماہ رنگ بلوچ تحریری طور پر اس بات کی یقین دہانی کرائیں کہ وہ اور ان کی تحریک بلوچ یکجہتی کمیٹی احتجاجی مظاہروں کے دوران سڑکیں بلاک نہیں کریں گے اور شاہراہوں کو بند نہیں کریں گے۔
دوسرا یہ کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی سیاسی دھرنوں اور بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہروں سے گریز کرے گی۔
انھوں نے کہاکہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے حکومت کی جانب سے پیش کردہ ان شرائط کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ جب تک تمام گرفتار کارکنان اور رہنماؤں کو ایک ساتھ رہا نہیں کیا جاتا وہ اپنی رہائی کو قبول نہیں کریں گی۔
اس پر حکومتی وفد نے مذاکرات کو مزید آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا۔