واشنگٹن (ہمگام نیوز) ذرائع کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ممبئی حملوں کے مبینہ سہولت کار، پاکستانی فوج میں بطور ڈاکٹر خدمات انجام دینے والے کینیڈین بزنس مین تہور رانا کو بھارت کے حوالے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے بھارت کے لیے جدید ایف-35 جنگی طیاروں کی فراہمی کا راستہ نکالنے، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا عندیہ دیا۔

یہ اعلان انہوں نے وائٹ ہاؤس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ صدر ٹرمپ نے بھارت کے ساتھ باہمی تجارت میں مساوی ٹیرف متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا، جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو دوگنی رفتار سے آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔