ڈیرہ بگٹی:(ہمگام نیوز) تفصیلات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے مختلف علاقوں میں قابض پاکستانی فورسز کا جارحیت جاری ہے۔
آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز سے قابض پاکستانی فورسز نے سوئی کے ملحقہ علاقوں، جن میں لنجو، سغاری اور رئیس توخ سمیت کشمور سے نکلنے والی کچی کینال کو موہن روڈ سے مکمل طور پر محاصرے میں لے رکھا ہے، اور گزشتہ رات قابض پاکستانی فورسز کی جانب سے عام بلوچ آبادیوں پر شدید گولہ باری کا آغاز کیا گیا، جو تاحال جاری ہے۔
دوسری جانب، عام آبادیوں پر حملہ آور قابض پاکستانی فورسز کے دستوں کو مختلف مقامات پر مسلح افراد کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لنجو کے مقام پر قابض پاکستانی فورسز کے ایک قافلے پر مسلح افراد نے حملہ کر کے ایک بکتر بند گاڑی کو ناکارہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں قابض فورسز کو جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
جبکہ رئیس توخ کے علاقے میں آپریشن میں مصروف پندرہ گاڑیوں پر مشتمل ایک قافلے پر نامعلوم مسلح نے گھات لگا کر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق دو اہلکار موقع پر ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے، جنہیں سوئی کے پی پی ایل فیلڈ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
آخری اطلاعات تک مسلح افراد اور قابض پاکستانی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں، جبکہ قابض فورسز کی طرف سے شدید گولہ باری کا سلسلہ بھی
جاری ہے۔