کابل (ہمگام نیوز) افغانستان کی وزارتِ داخلہ (طالبان) نے تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت کابل کے مرکزی اور حساس علاقے شہرِ نو میں ایک زور دار دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم ہلاکتوں اور زخمیوں کی حتمی تعداد کا تعین تاحال نہیں ہو سکا۔
مقامی ذرائع اور سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک مقامی گیسٹ ہاؤس یا عمارت کے قریب ہوا، جس کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی گئی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں غیر ملکی شہریوں کو ممکنہ طور پر نشانہ بنایا گیا، جن میں چینی شہریوں کا ذکر بھی سامنے آ رہا ہے، تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی۔
شہرِ نو کابل کا ایک اہم تجارتی اور نسبتاً محفوظ علاقہ سمجھا جاتا ہے، جہاں غیر ملکی شہریوں، سفارتی سرگرمیوں اور کاروباری مراکز کی موجودگی رہتی ہے۔ اس علاقے میں ہونے والا دھماکہ کابل کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑا کرتا ہے۔
طالبان پولیس اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر موجود ہیں، جبکہ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ حکام کے مطابق مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد میڈیا کو فراہم کی جائیں گی۔














