کراچی(ہمگام نیوز) صفورا گوٹھ کے قریب بس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 41 ہوگئی ہے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں خواتین اور بچوں سمیت 60 سے زائد افراد بس کے ذریعے صفورا گوٹھ اسکیم 33 سے عائشہ منزل جارہے تھے کہ صفورا چورنگی کے قریب دہشت گردوں نے بس کو روک کر پہلے ڈرائیور کو نشانہ بنایا جس کے بعد مسافروں پر خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کردی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا۔ ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر نذیر نے 41 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، جن میں 25 مرد اور 16 خواتین شامل ہیں۔ اسپتالوں میں زیر علاج کئی زخمیوں کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔ جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے واقعے کو نوٹس لیتے ہوئےعلاقہ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کو معطل کردیا جب کہ آئی جی سندھ سے واقعے رپورٹ طلب کرلی ہے۔