کراچی: (ہمگام نیوز) کراچی پولیس اور قابض فورسز نے پرامن بلوچ شہریوں اور بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کے اراکین پر شدید کریک ڈاؤن کیا ہے۔ بی وائی سی نے لیاری میں میرانی ناکہ پر 25 جنوری کو دالبندین میں ہونے والے پروگرام کے سلسلے میں آگاہی مہم کا انعقاد کیا تھا۔
تاہم، مظاہرین کو پولیس کے طاقت کے استعمال، لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ گرفتار افراد میں بی وائی سی کے مرکزی ڈپٹی آرگنائزر لالا وہاب بلوچ، سامی دین بلوچ، فوزیہ بلوچ، اور آمنہ بلوچ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق سمی دین بلوچ کو کھارادر تھانے اور لالا وہاب بلوچ کو چاکیواڑہ تھانے منتقل کیا گیا ہے۔ سامی دین بلوچ کو تنہا قید میں رکھا گیا ہے اور ان پر ہراسانی اور دھمکیوں کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ انہیں ایک دن پہلے ہی قاتلانہ حملے کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد ان کی جان کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کھارادر اور دیگر تھانوں میں پہنچ کر گرفتار افراد کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔