پنجشنبه, مې 8, 2025
Homeخبریںکمسن ساحل گلاب کے قتل کیس میں پولیس کی سست روی، لواحقین...

کمسن ساحل گلاب کے قتل کیس میں پولیس کی سست روی، لواحقین کی پریس کانفرنس کا اعلان

پسنی (ہمگام نیوز) پسنی سے تعلق رکھنے والے کمسن بچے، شہید ساحل گلاب کے اہلِ خانہ نے قاتلوں کی گرفتاری میں تاخیر اور پولیس کی ناقص کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کل شام 4 بجے پسنی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ورثاء کے مطابق سفاکانہ قتل کو ایک ماہ گزر چکا ہے، لیکن نہ صرف قاتلوں کا سراغ لگایا جا سکا ہے اور نہ ہی کوئی حتمی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے صرف زبانی تسلیوں پر اکتفا کیا جا رہا ہے، جبکہ کسی قسم کا کوئی ایسا ثبوت یا رپورٹ پیش نہیں کی گئی جس سے یہ ظاہر ہو کہ تفتیش سنجیدگی سے جاری ہے۔

اہلِ خانہ نے ڈی پی او گوادر، ضیاء مندوخیل کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ ان کی غیر ذمہ دارانہ خاموشی اور عدم دلچسپی سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔ لواحقین کے مطابق اگر وہ اس معاملے میں متحرک کردار ادا کرتے تو ان کے ماتحت افسران ڈی ایس پی اور ایس ایچ او پسنی اب تک مجرموں تک پہنچ چکے ہوتے۔

شہید بچے کے لواحقین نے انسانی حقوق کی تنظیموں، میڈیا اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ اس اہم مسئلے پر فوری نوٹس لیں اور انہیں انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پیارے بچے کے خون کا حساب لینے کے لیے ہر قانونی اور پرامن راستہ اپنائیں گے۔

واضح رہے کہ کمسن ساحل گلاب کو ایک ماہ قبل پسنی میں پراسرار حالات میں قتل کر دیا گیا تھا۔ اس اندوہناک واقعے نے مقامی عوام میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز