کراچی (ہمگام نیوز)کراچی میں سنسنی خیز ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے دو 14 سال کے نوجوانوں نے شہری کو قتل کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق کرچی کے علاقہ ملیر میں پولیس نے ایک اندھے قتل کا معمہ حل کرلیا۔ واقعہ کے چھ روز بعد دو ٹک ٹاکرز کو شواہد کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملیر غازی چوک گلی کے کنارے کھڑے شہری کے قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ، ملیر سٹی پولیس نے14 سال کے عمر کے میٹرک کے دو طالب علموں کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار کم عمر ٹک ٹاکرز نے سنسنی خیز ویڈیو بنانے کے لیے ایک معمر شخص کو گولی ماری، صرف ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے ایک شہری کو قتل کیا گیا۔ پولیس نے عینی شاہدین اور جدید اور سائنسی طریقہ کار کی مدد سے ملزمان کو حراست میں لیا قتل کا واقعہ 6 روز قبل غازی چوک جعفر طیار میں پیش آیا تھا، فوٹیج میں دو موٹرسائیکل پر سوار4 نوجوانوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں دیکھا گیا کہ گرفتار ملزم فاضل علی نے قمر رضا پر گولی چلائی، ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد اسلحہ فارنزک کے لئے لیبارٹری روانہ کردیا گیا، ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ ملزمان نے دوران تفتیش مزید 2ساتھیوں سے متعلق بھی معلومات دیں، ملزمان کے دیگر 2 ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔