شال (ہمگام نیوز) بی وائی سی کے ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ روز بی وائی سی کے مرکزی رہنما بیبگر بلوچ، ڈاکٹر حمل ڈاکٹر الیاس اور سعیدہ بلوچ سمیت دیگر خواتین کی اغوا نما گرفتاری کے خلاف کوئٹہ سریاب میں ایک پرامن مظاہرہ کیا گیا تھا۔ اس مظاہرے پر پولیس اور ریاستی اداروں نے آنسو گیس، واٹر کینن اور گولیوں کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں تین بلوچ نوجوان شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔
ریاست کی دہشت گردی کے خلاف بی وائی سی نے شہید نوجوانوں کی لاشیں لے کر کل رات سے کوئٹہ کے سریاب علاقے میں دھرنا شروع کیا تھا۔ آج صبح 5:30 بجے پولیس اور دیگر اداروں نے دھرنے پر حملہ کیا، مظاہرین سے لاشیں چھین لیں اور بی وائی سی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ کو ان کے ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔