کوئٹہ (ہمگام نیوز )کوئٹہ میں سرکاری حکام نے 15افراد کی لاشیں شناخت کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دی ہیں۔
سرکاری حکام کے مطابق مارے جانے والے مبینہ عسکریت پسند تھے جو دو روز قبل سکیورٹی فورسز کے ایک آپریشن میں مارے گئے۔ان افراد کی لاشیں دو مختلف علاقوں قلات اور سبی سے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردی گئیں۔ان میں سے 10 افراد کی لاشیں جمعرات کی شب قلات کے علاقے جوہان سے پہلے قلات ہی میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کی گئی تھیں۔چونکہ بلوچستان کے دور دراز کے علاقوں کے ہسپتالوں میں بڑی تعداد میں لاشوں کو محفوظ رکھنے کا کوئی انتظام نہیں اس لیے قلات سے ان لاشوں کو بھی کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
وائس فار مسنگ بلوچ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے بتایا کہ ان افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان میں سے پانچ افراد کی لاشیں سبی سے لائی گئی ہیں جو کہ قلات سے لائی جانے والی لاشوں کے برعکس پرانی ہیں۔نصر اللہ بلوچ کا کہنا تھا کہ ان میں دو عمر رسیدہ افراد کی بھی لاشیں شامل ہیں جبکہ متعدد افراد کے چہروں پر گولیاں بھی ماری گئی ہیں۔نصراللہ بلوچ نے بتایا کہ جب کسی عسکریت پسند تنظیم کا کوئی فرد مارا جاتا ہے تو وہ باقاعدہ بیان جاری کرتے ہیںان کا کہنا تھا کہ’تاحال ان افراد کے بارے میں کسی عسکریت پسند تنظیم کا بیان سامنے نہیں آیا اس لیے یہ خدشہ ہے کہ یہ لاپتہ افراد کی لاشیں ہو سکتی ہیں۔‘


