سسکیچیوان:(ہمگام نیوز)کینیڈا کے صوبہ سسکیچیوان کے وزیراعلیٰ نے بلوچ کلچرل ڈے پر نیک تمنائوں کا اظہارکیا ہے۔

کینیڈا کے صوبہ سسکیچیوان کے وزیراعلیٰ سکاٹ مو نے سرکاری سطح پر جاری کردہ اپنے ایک نوٹیفکیشن میں بلوچ کلچرل ڈے پر نیک تمنائوں کا اظہارکیا ہے ۔

واضع رہے کہ آج 2 مارچ کو بلوچستان سمیت دنیا بھر میں بلوچ قوم نے اپنا ثقافتی دن منایا۔

جنوبی ایشیا کی گیارہ ہزار سال پرانے تہذیب (مہر گڑھ ) سے تعلق رکھنے والی بلوچ قوم اس دن اپنی ہزاروں سال پرانے تہذیب ،تاریخ ،شناخت ، خوبصورت ثقافت ،زبا ن اورپاکستان، ایران وافغانستان میں بٹی زمین (بلوچستان)کے حوالے سے مختلف قسم کے تقریبات کا انعقاد کرتی ہے اور دنیا سمیت اپنی آنے والی پیڑی کو اس حوالے سے جانکاری دیتی ہے ۔

پاکستان و ایران کے زیر قبضہ بلوچستان میں جاری ریاستی بربریت ، نسل کشی وجبری گمشدگیوں کے باعث ہزاروںکی تعداد میں بلوچ اس وقت دنیا بھر میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں ۔جو اس دن 2 مارچ کو بلوچ کلچر ڈے کے نام سے اپنی پہچان کو زندہ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

دنیا بھر کی طرح آج کینیڈا میں بھی جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے بلوچ فرزندان نے بلوچ ثقافتی دن منایا۔

اس سلسلے میں کینیڈا کے صوبے سسکیچیوان کے وزیر اعلیٰ سکاٹ مو نے حکومت کی جانب سے بلوچ کلچرل ڈے میں شرکت کرنے والے ہر فرد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے خوشی کا اظہارکیاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ دن خاندان اور دوستوں کو اپنی ثقافتی روایات کو جمع کرنے اور منانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ ماضی پر غور کرنے، حال کی تعریف کرنے اور مستقبل کو پرامید انداز میں خوش آمدید کہنے کا وقت ہے۔

انہوں نے اس خوشگوار دن کے لیے نیک خواہشات اظہار کیا۔