شال ( ہمگام نیوز ) بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ترجمان نے جاری بیان میں کہاہے کہ بی وائی سی گزشتہ روز گرینڈ الائنس کے پُرامن احتجاج پر ریاست کی جانب سے کیے گئے بہیمانہ تشدد، لاٹھی چارج، آنسو گیس، شیلنگ اور درجنوں ملازمین کی گرفتاری کو نہ صرف بلوچستان میں عوام کے خلاف ریاستی فاشزم سمجھتی ہے بلکہ اسے بلوچستان کے عوام کے خلاف ریاستی دہشت گردی قرار دیتی ہے۔
انھوں نے کہاہے یہ کریک ڈاؤن کسی ایک طبقے پر نہیں بلکہ پورے بلوچستان کے باشعور اور استحصالی نظام کے خلاف اٹھنے والے ہر فرد پر حملہ ہے۔ جو ریاست اپنے انتہائی بنیادی حق کے لیے آواز اٹھانے والوں کو برداشت نہیں کرتی، وہ نہ صرف فاشسٹ بلکہ عوام دشمن بھی ہوتی ہے۔
انھوں مزید کہاہےکہ اساتذہ، پروفیسرز، ملازمین اور سرکاری ورکرز کو جیلوں میں ڈالنا اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت عوام کی نمائندہ نہیں بلکہ تشدد اور دہشت کی نمائندہ ہے۔ یہ وہی حکومت ہے جس نے پہلے ہی عوام کو بھوک، بے روزگاری، مہنگائی اور ادارہ جاتی بربادی کی دلدل میں دھکیلا، اور اب جب محنت کش طبقہ اپنے حق کے لیے باہر نکلا ہے، تو اس پر ریاستی تشدد مسلط کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے آخر میں کہاہےہم سمجھتے ہیں کہ یہ آمریت اور فاشزم کی بدترین شکل ہے۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی گرینڈ الائنس کے تمام جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے، بلوچستان کے ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور بلوچستان کے عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس بربریت اور مظالم کے خلاف سڑکوں پر نکلیں، آواز بلند کریں، اور تمام گرفتار ملازمین بشمول اساتذہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کریں۔


