گوادر (ہمگام نیوز) عید کے روز آٹھ سالوں سے لاپتا عظیم دوست کے اہلخانہ اور حق دو تحریک کی جانب سے جبری گمشدگیوں کیخلاف اور سیاسی اسیران کی رہائی کیلئے احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں لاپتہ افراد کے لواحقین سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
ریلی کی قیادت مولانا ہدایت الرحمان اور حسن واڈیلہ نے کی جس کا آغاز جاوید کمپلیکس سے شروع ہوا اور پریس کلب کے آگے جلسے کی شکل اختیار کرگیا۔
شرکاء نے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے شدید نعرے بازی کی اور انکی رہائی کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں جبری گمشدگیوں کو خلافِ قانون قرار دیکر اسے سنگین جرم قرار دیا جوکہ ریاستی اختیار داروں کی جانب سے ارتکاب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے لاپتا ماجد جوہر کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے تمام جھوٹے مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔