ایمسٹرڈیم (ہمگام نیوز) ہالینڈ کی پارلیمان کی عمارت کو جمعرات کی سہ پہر بم الرٹ کے بعد تھوڑی دیر کے لیے خالی کرا لیا گیا لیکن بعد میں یہ الرٹ غلط ثابت ہوا ہے۔
ڈچ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکاخیز موادکاجائزہ لینے والی ایک ٹیم نے داہیگ کے مرکزی علاقے میں واقع پارلیمان کی عمارت میں موجود ایک پیکج کی جانچ پڑتال کی تھی اور لوگوں کو وہاں سے نکلنے کا حکم دیا گیاتھا لیکن اس کے کوئی ایک گھنٹے کے بعدانھیں پارلیمان میں دوبارہ داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی تھی۔
ہالینڈکے اسلام مخالف سیاست دان گیرٹ وائلڈرز کا کہنا ہے کہ ان کے نام سے ایک جعلی بم والا پیکٹ پارلیمان کو خالی کرانے کی وجہ بنا ہے۔
وائلڈرزنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر اپنے پیغام میں کہا کہ ٹیڈی بیئراورتاروں پرمشتمل ایک پیکج پارلیمنٹ کے ڈاک کمرے میں پہنچایا گیا تھا لیکن خوش قسمتی سے یہ دھماکاخیزمواد کے بغیر اور خطرناک نہیں تھا، لیکن یقینی طورپر یہ کوئی فنی واقعہ نہیں۔
وائلڈرزکی انتہائی دائیں بازو کی فریڈم پارٹی نیدرلینڈز کی دوسری سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔وہ گذشتہ کئی سال سے موت کی دھمکیوں کی وجہ سے سخت حفاظتی انتظامات میں رہ رہے ہیں۔