کوئٹہ(ہمگام نیوز)ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے بیان میں شہر کے ایک ہوٹل کی انتظامیہ کے متعصبانہ رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذکورہ ہوٹل کی ابتداء ہزارہ منتظمین اور کاریگروں کے ذریعے کی گئی، ہوٹل کے افتتاح اور اس کے کئی سال کے کاروبار میں سیکنڑوں ہزارہ نوجوانوں نے اپنی خدمات سرانجام دیں مگر وقت اور حالات کے ساتھ یہاں سے ایک سازش کے تحت ہزارہ نوجوانوں کو نکالا گیا ایسے حالات پیدا کئے گئے کہ ہزارہ نوجوان مجبور ہوکر اپنا روزگار ترک کردیں۔ بیان میں کہا گیا کہ قابل و محنتی ہزارہ نوجوانوں کے جانے سے بڑی تعداد میں بے روزگاری کی وجہ سے بے شمار گھرانوں کے چولھے ٹھنڈے پڑ گئے جبکہ اس عمل کے ذریعے یہ بھی دکھا یا گیا کہ دیگر شعبہ ہائے زندگی کی طرح ہوٹلنگ کے شعبے میں بھی تعصبات کے ذریعے ہزارہ نوجوانوں پر روزگار کے ذرائع بند کئے جارہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ہوٹل انتظامیہ اپنے رویے پر نظرثانی کر کے میرٹ وقابلیت کی بنیاد پر ہزارہ نوجوانوں کے ساتھ امتیازی سلوک ختم کرکے انہیں ہوٹل کے تمام شعبوں میں خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کرے،بصورت دیگر پارٹی کارکن احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔