لندن (ہمگام نیوز) ممتاز بلوچ قومی رہنما اور فری بلوچستان مومنٹ کے صدر حیربیارمری بلوچ نے سوشل میڈیا ایکس کے توسط سے عالمی طاقتوں کو یاد دہانی کراتےہوئے کہا ہے کہ دنیا نے منقسم جرمنی کے دونوں مشرقی اور مغربی حصوں میں اتحاد لانے کی کوشش کی اور وہ کامیاب رہے۔
بلوچ رہنما نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ عالمی طاقوں نے بلوچستان کو مشرقی اور مغربی حصوں میں تقسیم کیا اور پھرانکے پروردہ حکمرانوں نے بلوچ کی قومی قوت کو تقسیم کرنے کی غرض سے بلوچستان کے مختلف حصوں کو مزید انتظامی طور پر الگ کرتے ہوئےغیربلوچ علاقوں میں ضم کیا۔
بلوچ رہنما نے عالمی قوتوں کو دعوت دیتے کہا ہے کہ وہ ایک بار پھر آگے آئیں اور اب کی بار متحدہ بلوچستان کی آزادی کی تحریک کی حمایت کریں۔
حیربیارمری نے بلوچ عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری کمزوریوں کے سبب دشمن نہ صرف ہمارے ملک پر قابض ہوگئے بلکہ بلوچ عوام کی قومی قوت کو تقسیم کرنے کی انکی ہمیشہ ترجیح رہی ہے۔ ہمیں دشمن کی تقسیم کی بلیوفرنٹ کو فالو کرنے کے بجائے تقسیم کی انٹی تھیسس یعنی multiplication کی طرف جانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ جرمنوں کی طرح سب سےپہلے بلوچوں کو خود آگے ہونا چاہیے اور متحد ہو کر آزادی اور بلوچستان کی اتحاد کے لیے کام کرنا چاہیے اور پھر باقی دنیا اس کی پیروی کرے گی۔ ہمارا ملک بلوچستان بلوچ عوام کے لیے ہے نہ ہی فارسیوں کے لیے اور نا ہی پنجابیوں کے لیے ہے۔