چهارشنبه, جون 18, 2025
Homeخبریںہندوستان کی پاکستان میں کارروائی کی دھمکی

ہندوستان کی پاکستان میں کارروائی کی دھمکی

نئی دہلی(ہمگام نیوز) ہندوستان کے وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات کرنل (ر) راجيہ وردھن سنگھ راٹھور نے میانمار میں فضائی اور زمینی کارروائی کرکے 20 سے زائد افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، دوسری جانب انھوں نے پاکستان میں بھی کارروائی کرنے کی دھمکی دے دی ۔

آئی بی این لائیو کی ایک رپورٹ میں کرنل (ر) راجيہ وردھن سنگھ راٹھور کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہندوستان آرمی اور انڈین ایئر فورس نے میانمار میں ایک مربوط آپریشن کے دوران 20 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

کرنل راجیہ راٹھور کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے دہشتگردوں کے “تعاقب” کا حکم دیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی فورسز نے میانمار میں باغیوں کے دو کیمپ تباہ کردیئے۔

بتایا جارہا ہے کہ شمال مشرقی شورش پسند گروپ سے تعلق رکھنے والے ان باغیوں نے 4 جون کو منی پور کے چندیل ڈسٹرکٹ میں 6 ڈوگرہ رجمنٹ کے قافلے پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 ہندوستانی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

کرنل راجیہ راٹھور نے میانمار میں ہندوستانی فوج کے آپریشن کو حکومت کا ایک “بے مثال” اور “انتہائی جرات مندانہ” قدم قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستانیوں پر حملے کہیں بھی قابلِ قبول نہیں ہیں، “اپنی موثر انٹیلی جنس کی بنیاد پر ہم اپنی مرضی کی جگہ اور وقت میں حملے کریں گے”۔

مغربی سرحد یعنی پاکستان پر حملے کے سوال پر کرنل راٹھور کا کہنا تھا کہ “مغربی رکاوٹوں سے بھی یکساں طور پر نمٹا جائے گا”۔

کرنل راٹھور کا کہنا تھا کہ “یہ آپریشن ان تمام پڑوسیوں کے لیے ایک پیغام ہے جو دہشت گرد گروپوں کو پناہ دے کر انھیں ہندوستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں”۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ “یہ ایک آغاز ہے، ہندوستان مضبوط ہے اور یہ پیغام ہر ایک تک پہنچنا چاہیے”۔

ہندوستانی فورسزکے آپریشن کے دوران میانمارکی فوج اور حکومت کے تعاون کے حوالے سے کرنل راٹھور کا کہنا تھا کہ “میانمار ایک دوست نواز قوم ہے، یہی وجہ ہے کہ آپریشن کے دوران ہمارے ساتھ مکمل تعاون کیا گیا”۔

واضح رہے کہ ہندوستان اور میانمار کی فوج کو ایک معاہدے کی رُو سے دہشت گردوں کی تلاش میں ایک دوسرے کی سرحدی حدود میں داخل ہونے کی اجازت ہے، تاہم اس حوالے سے دونوں ممالک کی رضامندی ضروری ہے۔

گزشتہ دنوں اپنے دورہ بنگلہ دیش کے دوران ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی نے ڈھاکا یونورسٹی سے خطاب کے دوران کہا کہ ’پاکستان آئے دن ہندوستان کے لیے پریشانی پیدا کرتا ہے اور دہشت گردی کو بڑھاوا دیتا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز