صنعا(ہمگام نیوز ) حوثیوں کے المسیرۃ ٹیلی ویژن نے جمعہ کو کہا کہ یمن کے صوبہ الحدیدہ پر امریکی اور برطانوی حملوں میں 16 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہو گئے۔
ٹی وی چینل نے اطلاع دی ہے کہ حملوں میں حدیدہ کے الحوک ضلع اور الصلیف کی بندرگاہ میں ریڈیو کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکی اور برطانوی افواج نے کہا کہ مزاحمتی گروپ کو بحیرۂ احمر میں جہاز رانی میں مزید خلل پیدا کرنے سے روکنے کی کوششوں میں انہوں نے جمعرات کو یمن میں حوثی اہداف کے خلاف حملے کیے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی اور برطانوی افواج نے یمن کے حوثیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں میں 13 اہداف کو نشانہ بنایا۔
برطانوی وزارتِ دفاع نے کہا کہ مشترکہ کارروائی میں بحیرۂ احمر کے بندرگاہی شہر الحدیدہ میں تین مقامات کو نشانہ بنایا گیا جہاں اس کے مطابق ڈرون اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے ہتھیار موجود تھے۔
برطانوی وزارتِ دفاع نے ایک بیان میں کہا، “ہمیشہ کی طرح شہریوں یا غیر فوجی انفراسٹرکچر کو درپیش کسی بھی خطرے کو کم از کم کرنے کے لیے حملوں کی منصوبہ بندی میں انتہائی احتیاط برتی گئی۔”
بیان میں مزید کہا گیا، “اندھیرے کے اوقات میں حملے کرنے سے بھی ایسے خطرات مزید کم ہوئے ہوں گے۔”
یمن کے دارالحکومت اور سب سے زیادہ گنجان آباد علاقوں کو کنٹرول کرنے والے حوثیوں نے غزہ جنگ میں فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نومبر سے بحیرۂ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی پر حملے کیے ہیں جو فروری سے امریکی اور برطانوی جوابی حملوں کی وجہ بنے ہیں۔